سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے گھی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کر دیا

اسلام آ باد (لاہورنامہ) سپریم کورٹ نے گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ کی انکوائری روکنے کا حکم معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سپریم کورٹ میں گھی اورتیل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔وکیل مسابقی کمیشن فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم پورٹل پراشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کی شکایت آئی۔

مسابقتی کمیشن نے شکایت پر 117 ملوں کے خلاف انکوائری شروع کردی۔ وکیل نے کہا کہ مسابقتی کمیشن نے شکایت پرانکوائری سے قبل 117 گھی ملوں کو معلومات کے خط لکھے۔ گھی ملوں کے جوابی خطوط پر گھی کی قیمتوں میں اضافہ کی تحقیقات شروع کی۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ گھی ملوں کو معلوماتی خطوط لکھنے سے پہلے اتھارٹی نے حکم پاس کیا۔ جوائنٹ ڈائریکٹر کو تحقیقات کا آغازکرنے کا اختیار کس نے دیا؟

وکیل مسابقتی کمیشن نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ کے حکم کے بعد گھی ملوں کیخلاف انکوائریاں رک گئی ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اگرانکوائری کے آغازمیں ڈھانچہ برقرار نا رہے تو انکوائری کیسے برقرار رہے گی؟ کمیشن نے قیمتوں میں اضافہ کی انکوائری کرنی ہے تو پہلے ملوں کو اس کی وجوہات بتائے۔ انھوں نے مذید کہا کہ آپ نے نوٹس بھیجا اوراس میں بتایا نہیں کہ ملوں کو کیوں طلب کر رہے ہیں؟

وکیل مسابقتی کمیشن نے عدالت سے کہا کہ لاہورہائیکورٹ کے حکم سے تمام انکوائریز زیرالتوا ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کررہے ہیں،کمیشن انکوائری کرے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ مسابقتی کمیشن اپنے اختیارات کواستعمال کرتے ہوئے ملوں کے خلاف انکوائری کرے۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم میں چند خامیاں ہیں جن پروضاحت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔