سینیٹر شیری رحمان

آئی ایم ایف معاہدے کی تفصیلات پارلیمان میں پیش کی جائیًں، سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد (لاہورنامہ)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے آئی ایم ایف معاہدے کی تفصیلات پارلیمان میں پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ تباہی سرکار 6 ارب ڈالر کا معاہدہ کر کے منی بجٹ پیش کرے گی، پیپلز پارٹی کسی بھی منی بجٹ کی بھرپور مخالفت کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک ابھی اب براہِ راست آئی ایم کا غلام ہوگا، اسٹیٹ بینک اب پارلیمان یا کابینہ کو جوابدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پارلیمان اور عوام کو معاہدے کی تفصلات بتائے، معاہدے کا ڈائریکٹ اثر ملک و عوام پر پڑے گا۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ آئی ایم معاہدے کی شرائط خفیہ نہیں رکھی جا سکتیں، حکومت کو دو ماہ آئی ایم ایف کی منت سماجت کرنے میں لگے۔

انہوں نے کہاکہ بتایا جائے حکومت عوام پر مہنگائی کے مزید کتنے بم گرائے گی؟ مہنگائی سرکار گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کتنا اضافہ کرنے جا رہی؟ ۔ انہوں نے کہاکہ یہ قرضے کا معاہدہ کر کے خوشیاں منا رہے ہیں، یہ پہلے ہی تین سالوں میں قرضوں کے نئے ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزستہ 3 سال میں اس حکومت نے یومیہ 13 ارب سے زائد قرضہ لیا ہے، تباہی سرکار نے پہلے ہی گزشتہ 3 سالوں میں بیرونی قرضوں میں 60 فیصد اضافہ کیا ہے۔