ہمایوں اختر خان

اپنی سیاست بچانے کیلئے قومی اداروں کو بدنام کرنا ملک و قوم کی خدمت نہیں، ہمایوں اختر خان

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپنی سیاست کو بچانے کیلئے قومی اداروں کی ساکھ کو خراب کرنا کسی طور پر بھی ملک و قوم کی خدمت نہیں ہے .

حزب اختلاف کی جماعتیں صر ف وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں مبتلا ہیں اس لئے انہیں معیشت سمیت کسی شعبے میں ہونے والی بہتری نظر نہیں آتی ،پی ڈی ایم صرف فیس سیونگ کیلئے سڑکوں پر دھول اڑانے کے اعلانات کر رہی ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے منفی پراپیگنڈے کے باوجود عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ تحریک انصاف کو جن حالات میں ملک کی باگ ڈور ملی ہے ایسے میں بیگاڑ کو درست کرنے کے لئے دو چار سال ناکافی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے تین سالوں میں خارجہ محاذ پر جتنی کامیابیاں سمیٹی ہیں اتنی تو کئی دہائیاں حکومتیں کرنے والی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے حصے میں بھی نہیں آئیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ مردہ اتحاد ہے اس لئے سڑکوں پر دھول اڑاکر اس میں جان نہیں ڈالی جا سکتی ۔