لاہور(لاہورنامہ) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے قابل نفرت اقدامات کو روکنے کے لئے پورے معاشرے کو اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا .
خواتین پر تشدد اسلام، قانون اور انسانی قدروں کے خلاف عمل ہے ،معاشرے میں خواتین پر تشدد کے بہیمانہ واقعات ہماری اجتماعی دانش کے لئے فکرمندی کی بات ہے ،قوانین پر موثر عمل درآمد، تعلیم وتربیت اور شعوروآگاہی سے اس مسئلے پر قابو پایاجاسکتا ہے ۔شہبازشریف نے خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے اپنے دوراقتدار میں خواتین کے حقو ق کے تحفظ اور فروغ کے لئے متعدد اقدامات کئے ۔
گھریلوتشدد کے خاتمے، خواتین کی امداد کے لئے مراکز اور مفت قانونی مدد جیسے اقدامات کئے گئے ۔پارلیمان اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی بڑھتی تعداد معاشرے میں آنے والی بتدریج تبدیلی کا پیش خیمہ ہے ۔باوقار اور مہذب معاشرہ بننے کے لئے ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی عزت واحترام، حقوق کا تحفظ بنیادی شرط ہے ۔خواتین پر تشدد کا باعث بننے والے بنیادی عوامل کو دور کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، علمااوراساتذہ کرام اہم کردار دا کرسکتے ہیں۔ہمارے نظام عدل کو بھی اس مسئلے کے حل میں فعال کردار نبھانا ہو گا۔