اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو اقوام عالم میں تنہا کرنے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتا، پاکستان نے ہمیشہ امن کی حمایت کی ہے ، پاکستان افغانستان اور بھارت کے ساتھ تمام معاملات پرامن ماحول میں حل کرنا چاہتا ہے ، امن ہی تمام مسائل کو حل کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے منگل کو نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کا قیام چاہتا ہے جبکہ بھارت سے متعلقہ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئییں۔
انہوں نے کہا کہ محاذ آرائی یا لڑائی امن برقرار رکھنے کا کوئی حل نہیں ہے۔ فواد حسین نے کہا کہ پاکستان نے جب بھی امن کے لئے ایک قدم آگے بڑھایا تو بھارت نے اس کا ہمیشہ منفی جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ جیسے واقعات یا کسی تحقیقات یا شواہد کے بغیر پاکستان پر الزام لگانا بھارت کا وطیرہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ان تمام اقدامات اور شروعات کی ہمیشہ حمایت کی ہے جو خطہ میں امن کے قیام کے لئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے پلوامہ میں حالیہ واقعہ اور بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے پاکستان مخالف بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد بھارتی سیکولر ریاست کے وزیراعظم کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لئے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پلوامہ واقعہ کا ثبوت دے تاکہ پاکستان اس معاملہ کی تحقیقات کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سخت حریف بھارت کو پاکستان کے حوالے سے اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے کیونکہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دونوں ممالک کے عوام کا نقصان ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نریندرا مودی بھارتی انتخابات کے قریب آتے ہی اس قسم کے واقعات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور مودی نے خوف و ہراس کا ماحول بنانے کے لئے اپنی کوئی ایک بھی ریلی یا انتخابی مہم ملتوی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کا پاکستان کو اقوام عالم میں تنہا کرنے کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔ بھارتی رہنما کے منفی بیان کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی بارے سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں قومی امور پر سول اور فوجی قیادت ایک ہی صفحے پر ہے۔ انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے متعلق کہا کہ یہ شخص بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے باعث دہشت گرد قرار دیا گیا ہے اور کلبھوشن یادیو کے بارے میں مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معصوم کشمیریوں کو بھارت کی طرف سے کی جانے والی بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے جبکہ بھارتی فوج کی طرف سے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد کی تازہ ترین صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی شروعات سے پی ٹی آئی کی قیادت میں قائم حکومت کے تحت پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ملائشین اور ترک قیادت پاکستان کا دورہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ احتساب کے مسئلہ پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلا امتیاز احتساب جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کے عمل کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت تمام اداروں کی مضبوطی کے لئے کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں وزیر قانون اور حزب اختلاف کے درمیان کئی اجلاس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ان کی تقدیر بدلنے کے لئے ہرممکن کوششیں کر رہی ہے۔