بحرین پولیس

سوشل میڈیا پر بحرین پولیس میں بھرتی کا اشتہار، سیکڑوں افراد کی آمد، خبر جھوٹی، شدید احتجاج

راولپنڈی(لاہورنامہ)راولپنڈی میں سیکڑوں افراد سوشل میڈیا پر بحرین پولیس میں بھرتی کا جعلی اشتہار دیکھ کر پہنچ گئے اور خبر جھوٹی ثابت ہونے پر شدید احتجاج کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکڑوں افراد سوشل میڈیا پر بحرین پولیس میں بھرتی کا جعلی اشتہار دیکھ کر راولپنڈ ی کے علاقے راول روڈ پہنچے تاہم خبر جھوٹی ثابت ہونے پر امیدوار مشتعل ہوگئے اور شدید احتجاج کیا۔مظاہرین نے احتجاج کے دوران نیم سرکاری عمارت کا مکمل گھیراؤ کرلیا اور استقبالیہ میں توڑ پھوڑ کی جس کے باعث عمارت میں موجود عملہ محصور ہوگیا جب کہ راولپنڈی راول روڈ سے کئی رابطہ سڑکیں بھی بلاک کردی.

مظاہرین کے مشتعل ہونے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ شروع کردی تاہم حالات خراب ہونے پر پولیس کی مزید نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔