میاں اسلم اقبال

حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر دیے، میاں اسلم اقبال

لاہور( لاہورنامہ)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔

عوام کی محرومیاں خوشیوں میں بدلنے کے لئے زبردست فلاحی پروگرام شروع کئے ہیں جبکہ نام نہاد ترقی کے دعویداروں نے اپنے دور حکومت میں صرف کرپشن کے پہاڑ کھڑے کئے تھے۔آج عوام انہیں نظر انداز کر رہے ہیں۔قومی وسائل سے اپنی تجوریاں بھرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو مضبوط ہوتا پاکستان گوارہ نہیں۔

پی ٹی آئی کی حکومت روایتی کاموں سے ہٹ کر آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے کام کررہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حلقہ 151میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام مکمل کرائے گئے ہیں۔سکندریہ کالونی میں گرلز ڈگری کالج اور سبزہ زار میں ٹیکنیکل کالج بنے گا جبکہ سمن آباد ہسپتال کے توسیعی منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح سمن آباد کالج میں آئی ٹی بلاک کیلئے 18کرور روپے کے فنڈز جاری ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے پرائمری سکولوں کو مڈل اور مڈل سکولوں کو ہائی سکول کا درجہ دیا جائے گااورسکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ موڑ سمن آباد انڈر پاس کی تعمیر کیلئے ایک ارب 40کروڑ کے فنڈز منظور ہوچکے ہیں۔

گلبرگ سے موٹر وے تک ساڑھے گیارہ کلومیٹر ایلویٹڈ روڑ بنایا جائے گا اور یہ منصوبہ منظوری کیلئے آئندہ کابینہ اجلاس میں رکھا جائے گا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ساڑھے چار ارب روپے سے لاہور کے داخلی راستے سگیاں روڑ کی بحالی کامنصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔شیراکوٹ اور گلشن راوی کی سڑکوں کو کشادہ کیا جارہا ہے۔

ہم نے ایسے علاقوں میں ترقیاتی کام کرائے جہاں گزشتہ 30 سالوں میں کوئی کام نہیں ہواتھا۔ عوام خود ہمارے ترقیاتی کاموں کی گواہی دیں گے۔صوبائی وزیرکو لوگوں نے اپنے علاقوں کے ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے لوگوں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔