لاہور (لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے افریقی ویریئنٹ سے بخوبی نمٹا جائے گا، پنجاب کے تمام کمشنرز اور ڈی سی حضرات ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کو بھی کامیاب بنائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے دونوں سیکرٹریز ڈاکٹر احمد جاوید قاضی،عمران سکندر بلوچ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کے علاوہ این سی اوسی کے افسران نے شرکت کی، اجلاس کے دوران پنجاب میں کورونا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران پنجاب میں ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کی کامیابی پر محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ(آج) یکم دسمبر سے ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کا آغازکر رہے ہیں، ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران 2 کروڑ 67 لاکھ افراد کو کورونا سے بچاوکی ویکسین لگائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران ویکسین کی دوسری ڈوز نہ لگوانے والوں کو بھی مکمل ویکسنیٹ کر دیا جائے گا، محکمہ صحت کی ٹیمیں ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے میں پنجاب کی عوام کو ویکسین لگا کرمحفوظ بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام کمشنرز اور ڈی سی حضرات ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کو بھی کامیاب بنائیں گے، این سی او سی کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے افریقی ویریئنٹ سے بخوبی نمٹا جائے گا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن کی پہلی مہم کی طرح دوسری مہم کو بھی کامیاب بنایا جائے گا، ہم ویکسینیشن اور احتیاط کے ذریعے ہی کورونا کی وبا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مثبت کیسزمیں واضع کمی آچکی ہے، ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم کے پہلے مرحلے کے دوران پنجاب کی 1 کروڑ 40 لاکھ سے زائد آبادی کو ویکسین لگا کر کورونا سے محفوظ بنا چکے ہیں۔