اسلام آباد(لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ رانا شمیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کہہ دیا ہے مشتہر بیان حلفی میرا نہیں ،(ن )لیگ کی ایک سازش ہے.
اپوزیشن کی احتجاجی سیاست موسمی ہے، ان کے اپنے کارکنان اب ان کی بات نہیں سنتے،لاہور میں ووٹ خریدنے کے حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیو پر شدید تشویش ہے ،سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریداری کے وقت نوٹس لیا جاتا تو یہ صورتحال نہ ہوتی، الیکشن کمیشن کو آئندہ تمام ضمنی انتخابات ای وی ایم پر کرانے چاہئیں.
اگر انتخابات ای وی ایم پر نہیں ہوتے تو حکومت اس کیلئے فنڈنگ نہیں کر سکے گی،وفاقی کابینہ کو اشیائے ضروریہ کے حوالے سے ہفتہ وار قیمتوں پر پریزنٹیشن دی گئی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل کمی آ رہی ہے، سندھ حکومت کو ذخیرہ اندوزی کو ہر صورت میں ختم کرنا چاہیے ۔
منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون پر اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل نے بریفنگ دی۔ انہوںنے کہاکہ یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، موجودہ ویکسینز اس وائرس کے لئے کتنی موثر ہیں، اس کا پتہ لگانے کے لئے دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومتوں اور عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر ویکسینیشن مکمل کروائیں۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ ہم پہلی چار لہروں کی طرح اس پانچویں لہر سے بھی کامیابی سے نمٹیں گے۔
چوہدری فواد حسین نے کہاکہ عوام کو ماسک پہننا ہوں گے، ویکسین لگوانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو آئندہ تمام ضمنی انتخابات ای وی ایم پر کرانے چاہئیں، اگر انتخابات ای وی ایم پر نہیں ہوتے تو حکومت اس کے لئے فنڈنگ نہیں کر سکے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو تسلیم کرتا ہے، وزیر قانون کا بھی خیال ہے کہ بادی النظر میں حکومت الیکشن کمیشن کو اسی صورت فنڈز دے سکے گی جب انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ الیکشن کمیشن اس معاملے پر آگے بڑھیں، پارلیمنٹ نے مینڈیٹ دیا ہے کہ الیکشن فوری طور پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر کرائے جائیں، الیکشن کمیشن انتخابات کو ای وی ایم پر منتقل کرے۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی کابینہ نے لاہور میں ووٹ خریدنے کے حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیو پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریداری کے وقت نوٹس لیا جاتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جمہوری ملک میں الیکشن کمیشن کا نظام ہونا بہت اہم ہے، الیکشن کمیشن پر تمام لوگوں کا اتفاق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو ویڈیو والے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ سعودی عرب سے تین ارب ڈالر اسٹیٹ بینک منتقل ہونے کے لئے تمام ضوابط مکمل ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 1.3 ارب ڈالر کے تیل کی فراہمی کے لئے بھی تمام ضروری کام مکمل ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی ایف سی نے 762 ملین ڈالر اضافی پاکستان کو دیئے ہیں جس سے فوری طور پر ڈالر کی قیمت میں استحکام آنے کا امکان ہے ۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ رانا شمیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیان دیا کہ مشتہر بیان حلفی انکا نہیں ہے،رانا شمیم بیان حلفی کا معاملہ ن لیگ کی ایک سازش ہے،چوہدری فوادحسین نے کہاکہ اپوزیشن کی احتجاجی سیاست موسمی ہے، ان کے اپنے کارکنان اب ان کی بات نہیں سنتے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا محمد شمیم کا بیان حلفی سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذریعے اخبار تک پہنچا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف ایک مہم چل رہی ہے امید ہے کہ عدالت اس پر کارروائی کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ احساس پروگرام میں بہت سے افراد کو پیسے جاری ہوئے کچھ افراد نے موصول نہیں کئے۔