لاہو ر(لاہورنامہ ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس اچانک چھاپہ مارکر غیر حاضر ہونے پر سیکرٹری کو او ایس ڈی اور دیگر ملازمین کو معطل کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب بغیر پروٹوکول ساڑھے دس بجے محکمہ سیاحت کے آفس پہنچے،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی بھی ہمراہ تھے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے افسروں اور عملے کی حاضری چیک کی۔ وزیراعلی سیکرٹری سیاحت اور دیگر افسروں و عملے کی دفتر سے غیر حاضری پر شدید برہم ہوئے۔ انہوں نے سیکرٹری سیاحت کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے اورغیر حاضر افسروں اور عملے کو معطل کرنے کا حکم دیدیا۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ساڑھے دس بجے تک دفتر حاضر نہ ہونیوالے افسروں اور عملے کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، تاخیرسے دفترآنا سرکاری فرائض میں غفلت ہے۔ عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ غیرحاضر افسروں اور عملے کیخلاف تادیبی کارروائی کا حکم دیدیا ہے، دفاتر میں وقت کی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمے کا اچانک دورہ کروں گا، محکمے کی کارکردگی اور افسروں کی حاضری کو تسلسل کیساتھ مانیٹرکیا جائے گا،سرکاری افسران اورعملہ اپنا قبلہ درست کر لیں۔