جمشید اقبال

ہمیں سازش کے تحت انتخابی میدان سے باہر کیا گیا،جمشید اقبال

لاہور( لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے حلقہ این اے 133کی یونین کونسل 228میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ۔

حلقے میں آمدپر پارٹی رہنمائوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اوران پر گل پاشی کی گئی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کئی دہائیوں سے پنجاب میں حکمرانی کرتی رہی ہے لیکن این اے 133 کی حالت کسی دور دراز کے دیہی علاقے سے بھی بد تر ہے ۔

یہاں پر میٹھا پانی آتا نہیں اورسیوریج کا گنداپانی نکلتا نہیں۔ہمیں سازش کے تحت انتخابی میدا ن سے باہر کیا گیا لیکن ہم اس کے باوجود آ ج حلقے میں موجود ہیں لیکن ضمیروں کی خریداری کی منڈیاں لگانے والے نام نہاد ضمنی انتخاب کے بعد لمبی تان کر سوئے ہوئے ہیں ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو نہ پہلے عوام اور ان کے مسائل سے سروکار تھا اورنہ اب ہے، پیپلزپارٹی نے بلاول ہائوس کی چھتری کے نیچے حلقے کے پسے ہوئے طبقات کے ضمیر خریدنے کیلئے منڈیاں لگائیں اوراس سے اگلے روز بلاول ہائوس میں کرپشن کے پیسے سے پر تکلف عشائیہ اڑایا گیا اور کرپشن کے بے تاج بادشاہ بلاول ہائوس سے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی اڑان بھر گئے.

خصوصی طیارے استعمال کرنے والے حلقہ این اے133کی عوام کے دیرینہ مسائل سے واقف نہیں اسی لئے عوام نے ضمنی انتخاب میں انہیں مستردکردیا ہے اوران کا مستقبل بھی اس سے مختلف نہیں ہوگا۔