اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے طالب علموں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردارادا کریں. بلوچستان کے طالب علم جدید تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتیں حاصل کرکے ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
صدر مملکت نے پیر کو بلوچستان ریذیڈنشل کالج ، خضدار کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ طلباء خود کو جدید علم اور آئی ٹی مہارت سے لیس کرکے ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں ، طلبا تعلیم پر توجہ مرکوز کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان کی ترقی کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں شعبہ تعلیم کی سہولیات کی ترقی کو ترجیح دی جارہی ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ اقتصادی راہداری ، گوادر پورٹ کی تکمیل سے روزگار کے ساتھ صوبے میں خوشحالی آئے گی۔ صدر مملکت نے بلوچستان کے مختلف علاقوں خضدار اور لورالائی میں ریذیڈنشل کالجز کے قیام پر حکومت بلوچستان کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ریذیڈنشل کالجز صوبے کی تعلیمی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔