لاہور (لاہورنامہ) پاکستان میں تعلیم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے موبائل اور ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والے نمایاں ترین ادارے زونگ فور جی نے کراچی کی مولوی عبدالحق سکول میں ڈیجیٹل لیب قائم کر دی۔
زونگ فور جی کی جانب سے قائم کی گئی اس جدید ترین لیب کا افتتاح وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلیکمیونیکشن سید امین الحق نے گزشتہ روز کیا۔
اس شراکت داری کے تحت زونگ فور جی ڈیجیٹل اور نصابی تعلیم کے لیے اسکول کو کمپیوٹر لیب کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ گو کہ اسکول میں کمپیوٹر کا نصاب اور اساتذہ موجود ہیں لیکن عملی طور پر سیکھنے اور مشق کرنے کے لیے کمپیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث طلباء مشکلات کا شکار تھے۔ زونگ فور جی کی جانب سے قائم کردہ ڈیجیٹل لیب اس خلا کو پُر کرے گی اور نوجوان طلباء کو ڈیجیٹل تعلیم تک رسائی حاصل کرنے اور جدید تعلیم کے حصول کے لیے معیاری سروسز فراہم کر یگی۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلیکام سید امین الحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹائزیشن کے مراحل طے کر رہا ہے اور جلد ہی ملک بھر میں شہریوں کو جدید ترین ڈیجیٹل سروسز بہم دستیاب ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے ملک کے آئی سی ٹی سیکٹر میں کام کرنے والے اداروں کی جانب سے اس ضمن میں کیے گئے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا۔ سید امین الحق نے مولوی عبدالحق سکول میں قائم کی گئی جدید ترین لیب پر زونگ فور جی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زونگ ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کی تعبیر میں اہم ترین کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زونگ فور جی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مولوی عبدالحق سکول میں ڈیجیٹل لیب کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جدت سے بھرپور جدید ترین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سروسز تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زونگ کا یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے عین مطابق ہے جس کے حصول کے لیے تگ و دو میں زونگ فور جی انتہائی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس جدید ترین لیب کو زونگ فور جی کی پاکستانیوں کے ساتھ وابستگی کا عملی اظہار قرار دیتے ہوئے ترجمان کاکہنا تھا کہ زونگ فور جی کی جانب سے ماضی میں بھی متعدد ایسے اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں اور مستقبل میں بھی اس جیسے مزید پروگرامز کو عملی شکل دینے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں۔
زونگ فور جی پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے میں مصروف عمل ہے۔ اس ضمن میں زونگ فور جی نے حال ہی میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ باہمی شراکت داری میں ایک آن لائن ‘How to E-lance’ کا آغاز کیا ہے۔ زونگ فور جی کی ان کوششوں کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل لرننگ آؤٹ ریچ کو وسعت دینا اور اس شعبے میں کام کے خواہشمند نوجوانوں باالخصوص خواتین کو مدد فراہم کرنا ہے جنہیں ڈیجیٹل رابطوں اور آن لائن کیریئر ڈیویلپمنٹ میں متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔