راؤ سردار علی خان

کاروباری افراد کو پر امن ماحول فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے، راؤ سردار علی خان

لاہور(لاہورنامہ)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا پنجاب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ میرے دفتر کے دروازے تاجر برادری کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں کسی بھی مسئلے یا شکایت کی صورت میں کوئی بھی بزنس مین تشریف لاسکتا ہے جبکہ میں خود بھی تاجروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہوں گا۔راؤ سردار علی خان نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ اپنے اضلاع میں وہ تاجر تنظیموں کے مسائل براہ راست خود سنیں اور انکے ازالے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ اگر کسی جگہ کاروباری شخص یا تاجرکو ہراساں کرنے کی شکایت آئی توبلاتاخیر سخت ایکشن لیا جائے او ر اس میں کوئی غفلت یا سستی قابل برداشت نہیں ہوگی۔ راؤ سردار علی خان نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی کہ شہر کی تاجر تنظیموں کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگ کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں جبکہ شہر کی بڑی مارکیٹوں میں سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے امور کو موثرسپرویژن سے بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ افراد قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں تحفظ اور خدمات کی بہترین فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں انجمن تاجران شاہ عالم مارکیٹ یونین کے 12 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ دوران ملاقات انجمن تاجران یونین کے ممبران اور کاروباری شخصیات نے آئی جی پنجاب کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

آئی جی پنجاب نے تاجر برادری کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس معاشرے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔ حساس علاقوں میں ڈولفن، پیرو اور دیگر پٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کا رکو بڑھایا جارہا ہے جبکہ سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان میں تیزی لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو فوری مقامی پولیس کو 15پر مطلع کرے جبکہ سپروائزری افسران کے دفاتر بھی انکی داد رسی کیلئے موجود ہیں جہاں انہیں بغیر کسی پریشانی سروس ڈلیوری فراہم کی جائے گی۔ انجمن تاجران شاہ عالم مارکیٹ یونین کے اراکین نے تعاون کی یقین دہانی پر آئی جی پنجاب کا شکریہ اداکیا۔