ڈاکٹر ضیاء القیوم

ملکی ترقی کے لیےمبنی اپلائیڈ اور کثیر الشعبہ جاتی تحقیق کی ضرورت ہے،ڈاکٹر ضیاء القیوم

اسلام آباد (لاہورنامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں طلبہ کوجدید ٹیکنالوجیز اور ریسرچ سے آگاہی دینے کے لئے "نینو میٹریل ماڈلنگ اینڈ سمولیشن” کے موضوع پر چھٹی دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

افتتاحی سیشن کی صدارت وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کی جبکہ پاکستان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٹاسک فورس کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے ویڈیو لنک کے ذریعے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں ملک کی مختلف جامعات سے کثیر تعداد میں پروفیسرز اور محققین شریک ہیں۔

پروگرام کے مطابق اس دو روزہ کانفرنس میں 108تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے، اس موقع پر طلبہ کے ریسرچ پراجکیٹس کی نمائش بھی ہورہی ہے۔کانفرنس میں ملک بھر سے 70جامعات کی نمائندگی کی جارہی ہے۔کانفرنس کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ فزکس نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے کیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ پاکستان نے تحقیق کے میدان میں بھارت کی نسبت زیادہ ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان نے ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں نمایاں ترقی کی ہے اور اس شعبے میں تبدیلی نظر آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کی دو تہائی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے اس لئے حکومت کو تعلیم و تحقیق پر مزید انوسمنٹ کی ضرورت ہے تاکہ ملک ترقی یافتہ ممالک میں کھڑا ہوسکے۔ڈاکٹر عطا ء الرحمن نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو نینو میٹریل ماڈلنگ اینڈ سمولیشن پر عالمی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فزکس سے تعلق رکھنے والوں کے لیے یہ کانفرنس یقینا تحقیق میں بہتری کے راستے کھولے گی۔

صدارتی خطاب میں اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ ملک کی مجموعی ترقی کے لئے بامعنی اور معاشرتی مسائل کے حل پر مبنی اپلائیڈ اور کثیر الشعبہ جاتی تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا جاسکے۔۔انہوں نے مزید کہا کہ 90کے دہائی کے بعد پاکستان میں ٹیکنالوجی کا انقلاب برپا ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ فزکس، کیمسٹری اور کمپیوٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی ترقی نے دنیا بھر میں دھوم مچادی اور انسانی زندگی کے ہر شعبے پر چھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے ایک طرف پاکستانی معیشت مضبوط کی تو دوسری جانب معیار زندگی کو بدل کر رکھ دیا ہے۔

کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے چئیرمین شعبہ فزکس، پروفیسر ڈاکٹر ظفر الیاس کا کہنا تھا کہ نینو میٹریل پر یہ شعبہ فزکس کی چھٹی کانفرنس ہے۔ڈاکٹر ظفر الیاس کا کہنا تھا کہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد سکالرز کو بین الاقوامی سطح پر ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں پر متعلقہ شعبہ جات کے ماہرین اپنا تحقیقی کام اور تجربات شئیر کرسکیں۔اس موقع پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے پراجیکٹس نمائش کا افتتاح بھی کیا جس میں شعبہ فزکس کے ایم ایس سی(فائنل سمسٹر)کے طلبہ اور وومن یونیورسٹی کی طالبات کے تیارکردہ معاشرتی مسائل کے حل پر مبنی 50پراجیکٹس رکھے گئے ہیں۔