چوہدری فواد حسین

شہباز شریف اور حمزہ نے اومنی گروپ کے اکائونٹ ڈائریکٹ آپریٹ کئے، چوہدری فواد حسین

اسلام آباد(لاہورنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اومنی گروپ کے اکائونٹ ڈائریکٹ آپریٹ کئے، صرف ایک فیکٹری نے 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی، میڈیا خود ان کے خلاف مقدمات کا جائزہ لے اور حقائق عوام کے سامنے لائے،

وزیراعظم عمران خان، خواجہ آصف کے خلاف اپنے مقدمہ میں گواہ کی حیثیت سے پیش ہوئے، 2012میں خواجہ آصف نے شوکت خانم ہسپتال کی چیریٹی پر الزامات عائد کئے تھے، ہمیشہ کی طرح خواجہ آصف جھوٹے ثابت ہوں گے، انہوں نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان گواہ کی حیثیت سے خواجہ آصف کے خلاف اپنے مقدمہ میں پیش ہوئے ہیں۔ وزارت قانون نے اسلام آباد میں جو نیا نظام تشکیل دیا ہے اس کے تحت گواہان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اپنے مقدمات میں پیش ہو سکتے ہیں، اس کا عملی طور پر آغاز ہو گیا ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ خواجہ آصف نے 2012میں الزام عائد کیا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال میں چیریٹی کے پیسہ کا غلط استعمال ہوا، 2012کے مقدمہ کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال 70 ارب روپے ہر سال غریب لوگوں کے علاج معالجہ پر خرچ کرتا ہے، اس طرح کے الزامات لگائے جائیں گے تو پاکستان میں چیریٹی کا کام کون کرے گا؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ امید ہے اس کیس کا جلد فیصلہ ہوگا، ہمیشہ کی طرح خواجہ آصف جھوٹے ثابت ہوں گے، انہوں نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب کمیٹی کے اجلاس میں خانیوال الیکشن کے حوالے سے معاملہ زیر بحث آیا، وزیراعظم نے خانیوال الیکشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں خامیوں کو دور کرنا چاہئے۔ خانیوال الیکشن میں پیسہ چلنے اور ہارس ٹریڈنگ کی باتیں سامنے آئیں جو افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس بارے میں اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کمیٹی کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات پر بھی تفصیل سے بات ہوئی۔ پنجاب میں ڈسٹرکٹ میئرز کے لئے امیدواروں کو فائنل کرنے کے بارے میں اعلی سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ہر جمعہ کو اپنا اجلاس منعقد کرے گی۔