اسلام آباد(لاہورنامہ) مسلم لیگ(ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ72سال کی تاریخ میں کسی نے کرپشن کی ہے تو وہ عمران خان ہیں.
عمران خان کی کرپشن کی گواہی ان کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ دے رہے ہیں، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ بتا رہی ہے کہ عمران خان نے کووڈ فنڈ کا پیسہ کھایا ہے،آپ مسلم لیگ ن کے فوبیا کا شکار ہیں، آپ نے ہر وہ جھوٹا الزام لگایا جس سے پاکستان اور اس کے امیج کو نقصان پہنچا.
آپ کی اصل پوزیشن تھانے کے ایس ایچ او کی ہونی چاہیے تھی،کورونا فنڈز تک کو نہ چھوڑنے والا دوسروں پر کرپشن کے الزام دیتا ہے، بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کیوں نہیں ہونے دی جارہی ہے ،ادویات اسکینڈل میں وزیر ہٹایا مگر نتیجہ کیا نکلا ؟ شریف فیملی جس احتساب سے گزری ہے کوئی خاندان نہیں گزرا .
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیا نوازشریف اور شہبازشریف نے کہا تھا کہ چینی ایکسپورٹ کی اجازت دو؟ آپ نے چینی ایکسپورٹ کی اجازت اس لیے دی کہ مافیا کی جیبیں بھریں، آپ نے مصنوعی قلت کی پھر چینی کی قیمت میں اضافہ کیا، چینی کی قیمت میں اضافے کے بعد دگنی قیمت پر چینی درآمدکی.
کیا نواز شریف اور شہبازشریف نے یہ سب کرنے کا مشورہ دیا تھا؟مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹے میں بھی کرپشن کی داستان ہے، پہلے ایکسپورٹ کیا پھرامپورٹ کیا،کیا نوازشریف اورشہبازشریف نے کہاتھا کہ آپ آٹا اسمگل کر دیں؟ آج مہنگے فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار دوگنی ہو چکی ہے، فرنس آئل سے اس لیے بجلی بنا رہے ہیں کہ آپ کے دائیں بائیں مافیا بیٹھا ہوا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر عالمی برادری نے اچھے اقدامات لئے تو افغانستان کی بہتری ہوسکتی ہے ،اس ملک کے اقتدار پر مسلط شخص کل وزرائے خارجہ کی آمد پر اپوزیشن پر حملہ آور ہورہے تھے ،جس کی ذہنی حالت ٹھیک نہ ہو وہ ہی ایسی بات کرسکتا ہو ،کورونا فنڈز تک کو نہ چھوڑنے والا دوسروں پر کرپشن کے الزام دیتا ہے.