شاہ محمود قریشی

سارک کے سیکرٹری جنرل کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

اسلام آباد(لاہورنامہ) جنوب ایشیائی ممالک کی علاقائی تعاون کی تنظیم سارک (SAARC ) کے سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی.

وزیر خارجہ نے پاکستان تشریف آوری پر سیکرٹری جنرل سارک کو خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل سارک کے ساتھ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا .

ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے اس افسوسناک واقعہ کے رونما ہونے کے بعد سری لنکن حکومت اور عوام کے ساتھ دلی اظہار تعزیت کیا۔ ہماری تمام اعلی سیاسی قیادت، مذہبی سکالرز اور پاکستانی قوم نے اس واقعہ کی مذمت کی۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل سارک کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اس بہیمانہ واقعہ کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سارک کے بانی رکن ہونے کے ناطے، علاقائی تعاون اور روابط کے فروغ کیلئے سارک کے متحرک اور فعال کردار کا متقاضی ہے۔

سارک ممبر ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان، جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ پاکستان، سارک کے ممبر ممالک کے درمیان زمینی، ہوائی، اور آبی روابط کو بڑھانے کی حمایت کرتا ہے۔

سارک پلیٹ فارم سے، وبائی صورتحال، موسمیاتی تبدیلیوں، غذائی تحفظ جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع اور موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے سارک تنظیم کے مقاصد کی تکمیل کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔