اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ رواں ماہ میں تجارتی خسارہ ریکارڈ5 ارب ڈالرسے زیادہ ہونا معاشی تباہی کی علامت ہے.
100 سے زائد اشیاء پر 17 فیصد جی ایس ٹی کا یکساں اطلاق مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا،منی بجٹ مسلط کرنے ، قوم اور ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے بجائے حکومت استعفیٰ دے۔ میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ تجارتی خسارے میں ریکارڈ اضافہ ملکی درآمدات اوربرآمدات میں عدم توازن کا واضح ثبوت ہے.
تازہ اعدادوشمار بتارہے ہیں کہ ملک میں ڈالر کی آمد میں کمی ہوگئی ہے، روپے کی قدر پر دباو بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے اس کی قدر میں مسلسل کمی آرہی ہے، ڈالر 180 کو عبور کرچکا ہے، مہنگائی مزید بڑھ رہی ہے، یہ ملک کے لئے اچھی خبریں نہیں، معیشت ‘رویورس گئیر’ میں ہے، معیشت، صنعت، کاروبار، تجارت اور روزگار سب کا حال خراب ہے.
انہوں نے کہاکہ فراط زر یا مہنگائی زیادہ ہو تو دنیا میں جی ایس ٹی کم کیاجاتا ہے، پاکستان میں اْلٹی گنگا بہہ رہی ہے، اس حکومتی اقدام سے مہنگائی میں اضافہ کے ہولناک نتائج نکلیں گے، اس اقدام کا مطلب یہ ہے کہ حکومت ٹیکس کے دائرے میں اضافہ نہیں کرسکی، یہ قدم عمران نیازی کے اس دعوے پر ایک اور یوٹرن ہے کہ میں ٹیکس ریونیو دوگنا کردوں گا لیکن وہ ناکام ہوئے.
مشیر خزانہ کبھی مہنگائی میں کمی اور کبھی اضافے کے متضاد بیانات دے رہے ہیں، کبھی کہاجاتا ہے کہ پاکستان سستا ترین ملک ہے اور کبھی ملبہ عالمی حالات پر ڈالا جاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ منی بجٹ مسلط کرنے ، قوم اور ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے بجائے حکومت استعفیٰ دے۔