میاں ذکر اللہ

نوجوان نسل کے اخلاق و کردار کی اصلاح کیلئے جے آئی یوتھ کابہت کردار ہے، میاں ذکر اللہ

لاہور(لاہورنامہ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ اسلامی تعلیمات سے نوجوان نسل کو اچھے اخلاق وکردار کا حامل بنانا چاہتی ہے۔

اسلام کی پاکیزہ تعلیمات نوجوان نسل کو اخلاقِ حسنہ کے ذریعے بزرگوں کا ادب واحترام، چھوٹوں پر شفقت، علماء کی قدر ومنزلت، محتاجوں اور بے کسوں کی دادرسی ہم عمروں کے ساتھ محبت والفت اور جذبہ ایثار وہمدردی کا سبق دیتی ہے۔نوجوان نسل کے اخلاق و کردار کی اصلاح کیلئے جے آئی یوتھ کا پلیٹ فارم کسی نعمت سے کم نہیں۔

انہوں نے اب جاگ میرے لاہور مہم کے تحت 30 دسمبر کو ہونے والے عوامی مسائل کے حل کیلئے گجومتہ تاشاہدرہ 30 کلو میٹر ”روڈ کارواں ” کی تیاریوں کے سلسلے میں جے آئی یوتھ لاہور کے ہر سطح کے ذمہ داران و عہدیداران کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کنونیئر شہری مسائل کمیٹی و نائب امیر جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمودالاحد،صدر جے آئی یوتھ لاہور عبداللہ ایڈووکیٹ،عامر نور خان نائب صدر جے آئی یوتھ،حمزہ بلال سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور،علاقائی صدور آدم ملک،صنان اکبر،عبدالرحمان،زید بن سجاد،اویس وٹو سمیت جے آئی یوتھ کے نئے بننے والے ممبران سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کی بڑی تعداد کئی قسم کی برائیوں میں مبتلا ہے جن میں سے انٹر نیٹ کا بے تحاشا اور غلط استعمال،جدید کلبز،سوشل میڈیا اور الیکڑانکس میڈیا کے فحش پرو گرام،شیشہ، پان،سگریٹ اور منشیات کا استعمال،لوٹ مار، ڈاکہ،جوا اور سودجیسی برائیوں میں ملوث اپنے اہلخانہ اور ملک و ملت کیلئے پریشانی اور خرابی کا باعث ہیں۔ جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کو ان خرابیوں اور برائیوں سے نوجوان نسل کو بچانے کی جدوجہد کرنی ہے اور اسلامی پاکستان او رخوشحال پاکستان کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر لاہور مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ہے، جہاں پانی کا صاف پانی موجود نہیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، فضائی آلودگی، جرائم، منشیات فروشی اور جرائم کی آماجگاہ بناہوا ہے۔ جماعت اسلامی اب جاگ میرے لاہور مہم کے تحت شہر بھر کی تمام آبادیوں سے مسائل کا خاتمہ چاہتی ہے جس کے سلسلہ میں 30دسمبر کو عظیم الشان گجومتہ تاشاہدرہ روڈ کارواں کا انعقاد کررہی ہے جس کو کامیاب بنانے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں جے آئی یوتھ کے نوجوان لاہو ر کے مسائل کے حل کیلئے کارواں کا حصہ بنیں گے۔