اسلام آباد(لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ بونوں کے ساتھ ہے،یہ سیاسی بونے پروپیگنڈے کی سیاست کرتے ہیں، حزب اختلاف والے حکومت میں تھے تو ملکی معیشت کو تباہ کر کے چلے گئے.
آصف علی زرداری عدالت طلبی پر وہیل چیئر پر آتے ہیں،جب ضمانت پر ہوں تو بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ٹیکنالوجی سے لاہور سمیت ملک بھر میں انقلاب لائیں گے۔ ملک میں ڈیموں کی کمی محسوس کی گئی اور تعمیر پر توجہ دی گئی۔ اب زراعت، ٹیکنالوجی اور معیشت کی بہتری کے لیے مزید کام کریں گے۔
پنجاب میں پیپلز پارٹی کے پاس امیدوار ہی نہیں ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آصف زرداری گزشتہ روز کہہ رہے تھے ہم منصوبہ لے کر آئیں گے وہ 30 سال سے اقتدار میں ہیں کب پلان لائیں گے ؟
آصف زرداری اپنی زندگی دبئی اور نواز شریف لندن میں گزاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج آصف زرداری اس معیشت پر لیکچر دے رہے ہیں جس کا بیڑہ غرق انہوں نے ہی کیا۔ آصف زرداری لاڑکانہ جانے سے بھی قاصر ہو جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم 55 ارب روپے کا قرض واپس کرنے جا رہے ہیں اور اب سندھ میں حکومت تحریک انصاف ہی بنائے گی۔