پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر

اب عوام کیلئے ادویات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،عمران سکندر بلوچ

لاہور(لاہورنامہ)صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کی زیر صدارت پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب (PQCB)کا237واں اجلاس منعقدہوا۔

اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر ممبران میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز کنٹرول محمد سہیل،چیف ڈرگز کنٹرولرپنجاب اظہرجمال سلیمی، سیکرٹری PQCB شاہین اقبال، پروفیسر ڈاکٹرمحموداحمد،پروفیسر ڈاکٹرمحمد جمشید، پروفیسر ڈاکٹر ساجد بشیر، ڈاکٹر عمران اشرف اورڈاکٹر منیب اشرف شامل تھے۔ اجلاس کے دوران ادویات کے94کیسز پر کارروائی کی گئی۔کیسز میں ریگولر نوعیت کے 60کیسز جبکہ ری ٹیسٹنگ کی اپیل کے 34 کیسز شامل تھے۔

بورڈ کی ری ٹیسٹنگ کے 34 کیسز میں سے 15کیسز NIH بھجوانے کی اجازت دی گئی۔ 16 کیسز ڈرگ کورٹس بھجوانے کا فیصلہ جبکہ 29کیسز میں آخری وارننگ جاری کی گئی اور 01کیس میں گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹس (GMP) اپنانے کی سفارش کی گئی۔ صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکندری ہیلتھ کیئرعمران سکندربلوچ نے کہاکہ عوام کیلئے دستیاب ادویات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ادویات کے اجزاء اور فارمولیشن کو بہتر بنانے کیلئے این آئی ایچ کی تجزیاتی رپورٹ سے مدد لی جائے۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ پنجاب کی تمام ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز اپنی کار کردگی مزید بہتر بنائیں۔

صحت کی سہولیات کویقینی بنانے میں معیاری ادویات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے مزیدکہاکہ ادویات کی مینوفیکچرنگ کے ساتھ ساتھ ادویات کی لیبلنگ اور پیکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جان بچانے والی ادویات کی قلت کسی بھی سرکاری ہسپتال یا طبی سینٹر پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ جان بچانے والی ادویات کی متعین کردہ قیمت پر فراہمی اور ترسیل کیلئے ادارہ ہر دم کوشاں ہے۔