فیصل آباد(لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف وطن واپس آئیں اور اپنے مقدمات کا سامنا کریں ۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو وطن واپس آنا چاہئے، یہاں ان پر مقدمات ہیں، وہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں، ہمارا ان سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ شریف فیملی کی لندن میں اربوں کی جائیدادیں ہیں، ان کے پاس ثبوت نہیں کہ یہ جائیدادیں کیسے خریدیں، جن اپارٹمنٹس میں نواز شریف مقیم ہیں ان کا پیسہ کاں سے آیا، ان کے پاس کوئی جواب نہیں۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان پہلے بھی مارچ کے لئے آئے تھے اور واپس چلے گئے، 23 مارچ بہت دور ہے، امید ہے وہ اس روز بھی نہیں آئیں گے، اگر آ بھی جائیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ شہباز شریف نے بیان حلفی جمع کروایا تھا کہ وہ نواز شریف کو واپس لائیں گے،
اٹارنی جنرل آفس اس معاملے کو دیکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن ایک ہفتے فوج مخالف ہوتی ہے، دوسرے ہفتے عدلیہ کے خلاف جبکہ تیسرے ہفتے یہ ان کے پائوں میں پڑے ہوتے ہیں، یہی ان کی سیاست ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ عالمی منڈی میں کموڈیٹی اور انرجی پرائسز کم ہونا شروع ہو گئی ہیں، اس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ انہوںنے کہاکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام نظر آ رہا ہے، فنانس (ترمیمی) بل وسط جنوری تک منظور ہو جائے گا۔