لاہور(لاہورنامہ)شاہدرہ میں گیس پائپ لائن بچھانے کے سب سے بڑے منصوبے کا افتتاح چیئرمین پی ایچ اے سید یاسر گیلانی نے کیا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی نے کہا کہ پورے شاہدرہ کو سوئی گیس لائن کا منصوبہ دینے پر وفاقی وزیر توانائی میاں حماد اظہر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ 5.5 کلومیٹر طویل 10 انچ قطر کی پائپ لائن،گیس سٹیشن سے شاہدرہ موڑ اور جی ٹی روڈ امامیہ کالونی تک بچھائی جائے گی۔
7.5 کلومیٹر طویل 8 انچ قطر نئی گیس پائپ لائن، برکت ٹاؤن, قیصر ٹاؤن، شاہدرہ ٹاؤن دریا کے بند سے سعید پارک تک بچھائی جائے گی۔ اس منصوبے میں 18 نئے TBS بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے پورے شاہدرہ کے ھزاروں گھر مستفید ہوں گے۔ شاہدرہ کے لوگ اس منصوبہ کو شروع کروانے پر میاں حماد اظہر کے مشکور ہیں۔ اس موقع پر اعظم ورک، شاہد مختار، ملک طاھر، حنان گجر، ثناء اللہ خان،ملک نفیس اور شہباز خان، ملک طارق محمود، اعظم بھٹی، علیم جعفر، اسلم گھمن، کبیر شاہ، ارشاد سیٹھی اور فیض رسول بھی موجود تھے۔