احسن اقبال

فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی چوری پکڑی جا چکی ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (لاہورنامہ)مسلم لیگ (ن )کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی چوری پکڑی جا چکی ہے،فارن فنڈنگ کیس نے پی ٹی آئی کی شفافیت کا میک اپ دھو دیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان پورے ملک میں شفافیت کے چیمپئن بنتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کو رکوانے کے لیے حیلے بہانے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کس بات کو چھپانا چاہتی ہے، کس بات کی راز داری چاہتی ہے؟ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں نون لیگ کی بدعنوانی کا ایک ثبوت پیش نہیں کیا، نون لیگ کے کوئی ممنوعہ فنڈنگ کیس زیر سماعت نہیں ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ جھوٹ بول کر، کراس ایف آئی آر درج کرا کر اپنی چوری بچانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی اپنی چوری چھپانے کے لیے دوسروں پر کیچڑ اچھال رہی ہے۔