فرخ حبیب

مری میں شدید برفباری سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مری میں شدید برفباری میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک امر ہے۔

انہوں نے کہاکہ نتھیا گلی کے ساتھ کے پی کے اور پنجاب کے سرحدی مقام باڑیاں میں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا، وہاں پر شدید برفباری کی وجہ سے راستے بند ہونے سے امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا رہا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پاک فوج اور امدادی ٹیمیں، امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں، حکومت کی ترجیح پھنسے ہوئے تمام لوگوں کو ریسکیو کرنا ہے،مری ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لئے کلئیر کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب باڑیاں کے مقام پر بھاری مشینری سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اس مشکل صورتحال میں مقامی لوگوں کا کردار بھی قابل ستائش ہے جنہوں نے سیاحوں کے لئے اپنے گھر کے دروازے کھول دیئے، مقامی لوگ بھی آگے بڑھیں، مری اور گردونواح میں سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے تمام صلاحتیں بروئے کار لارہے ہیں، پھنسے ہوئے سیاحوں کو گرم کپڑے، کمبل، کھانے کی اشیا بھی پہنچائی جارہی ہیں۔