لاہور:وفاقی حکومت نے متروکہ وقف املاک بورڈکو سیا سی بنیادوں کی بجائے کمرشل اور پروفیشنل بنیادوں پر چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے بورڈ کے چیئر مین کے انتخاب کےلئے 6رکنی کمیٹی تشکیل دےدی جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری کو کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے ۔
اس سلسلے میں ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور سید سفیر حسین شاہ نے کمیٹی کے قیام کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ایڈوائزر برائے وزیر اعظم ڈاکٹر عشرت حسین کو وزیر اعظم برائے انسٹی ٹیوشنل ریفارمز اینڈ آسٹریریٹی کمیٹی کے ممبربنا دئیے گئے ہیں ۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ، وفاقی سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی سیکرٹری قانون و انصاف بھی کمیٹی میں بطور ممبر شامل کئے گئے ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ کا انتخاب سیا سی بنیادوں کی بجائے اہلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کے حکم سے بنائی گئی کمیٹی چیئر مین متروکہ املاک بورڈ کےلئے آنے والی 150سے زائد درخواستوں پر کارروائی عمل میں لائے گی۔
Load/Hide Comments