لاہور(لاہورنامہ) کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید خادم عباس نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کی طرف سے پیش کی جانے والی درخواستوں اور شکایات کا فوری طور پر بلاتاخیر ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے ویب پورٹل پر اب تک پیش کی جانے والی 27748 شکایات میں سے 17108 کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا ملک کی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ہمیشہ قابل تحسین رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج یہاں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے ماہانہ کارگردگی کے حوالے سے منعقد ہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل او پی سی عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر پولیس امتیاز احمد علی ڈائریکٹر ایڈمن تنویر ماجد، ڈائریکٹر لیگل راجہ زبیر، ڈائریکٹر ریونیو ذولفقار بھون، ڈپٹی ڈائریکٹر ز اور دیگر ڈیلنگ افسران بھی شریک تھے۔
اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے جلد حل کو یقینی بنانے اور او پی سی پنجاب کی کارگردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔کمشنر او پی سی نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک اووسیز پاکستانیوں کی 44 ارب روپے مالیت کی زرعی اراضی، رہائشی اور کمرشل جائیدادیں وگزار کروائی جا چکی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے موثر اقدامات کی بناپر سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں جس کا اظہار خود بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں نے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کی سطح پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارگردگی سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل سے ہی منسلک ہے۔