لاہور(لاہورنامہ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ تحقیقات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
شہباز شریف نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت دائر کی جس میں ایف آئی اے کی تحقیقات کو غیر قانونی قرار دینے اورایف آئی آر نمبر 39/20 کو خارج کرنے کی استدعا کی گئی ۔ درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے ۔
شہباز شریف کی جانب سے دائر درخواست میں نیب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے نے بد نیتی پر تحقیقات شروع کیں، جیل میں شامل تفتیش بھی کیا گیا، ایف آئی اے کی تحقیقات میں اب تک کوئی بے نامی اکائونٹ سامنے نہیں آیا،منی لانڈرنگ کا کیس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، ایک ہی الزام پر دو کیس نہیں بنائے جاسکتے۔