حسان خاور

اپوزیشن کی ہر جماعت کا اپنا ہی ہائوس ڈس آرڈر ہے، حسان خاور

لاہور( لاہورنامہ)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ہر جماعت کا اپنا ہائوس ڈس آرڈر ہے، جو اپوزیشن میں رہ کر متفق نہ ہو سکے وہ ان ہائوس تبدیلی کیا لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ٹی ٹیز اور سیاسی شعبدہ بازی کے ماہر ہیں۔ شہباز شریف کا کردار چور مچائے شور والا ہے۔ اپنے مجرم بھائی کے ضمانتی شہباز شریف کو سب سے پہلے اپنے وعدے اور زبان کی پاسداری کرنی چاہیے۔ حسان خاور نے کہا کہ ضامن بننے والے کو قانون اور قوم کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مری واقعہ پر بھی اپوزیشن نے سیاست کرکے اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تباہی میں پیپلز پارٹی کی نالائقی اور نااہلی شامل ہے۔ سنگین مجرموں کا کھلم کھلا ہسپتالوں میں رہنا بلاول اور وزیراعلی سندھ کا رپورٹ کارڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول مارچ نئے سال کی طفل تسلی ہے۔

قوم اس سیاسی بچگانہ پن پر ہنس رہی ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ ہم کب سے مارچ کے منتظر ہیں لیکن اپوزیشن کا کسی ایک موقف یا تاریخ پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے ہم یہ تماشہ دیکھنے سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں محض اپنے اپنے مفادات کے پیچھے بھاگ رہی ہیں۔ جو پارٹیاں کسی ایک موقف پر متفق نہ ہو سکیں، وہ ملک کیلئے کیا متحد ہوں گی۔