چودھری پرویزالٰہی

چودھری پرویزالٰہی کی سینیٹر کامل علی آغا کے بھائی کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت

لاہور(لاہورنامہ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بڑے بھائی ڈاکٹر کاظم علی آغا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی وقاص حسن موکل اور آمنہ الفت سمیت مسلم لیگی رہنما و کارکن بھی موجود تھے۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ اس وقت ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان برپا ہے، روز بروز اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام بہت پریشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو حل کرے اگر مہنگائی کم نہیں کر سکتے تو بڑھنے بھی نہ دیں، جمہوری حکومت کی مضبوطی کیلئے عوام کی پریشانیوں کو کم کرنا ہو گا کیونکہ عوام کو ریلیف دئیے بغیر جمہوری حکومت کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مزید پریشانیوں سے بچانے اور ریلیف دینے کیلئے حکومت فوری موثر انتظامات کرے۔