لاہور(لاہورنامہ) ینگ نرسز ایسوسی ایشن لاہورجنرل ہسپتال کے زیر اہتمام دوران ملازمت وفات پانے والی نرس سنیتا آصف کی یاد میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایل جی ایچ کی نرسز اور مرحومہ کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر صدرینگ نرسز ایسوسی ایشن خالدہ تبسم نے کہا کہ سنیتا آصف ہماری ہر دلعزیز ساتھی تھیں جنہوں نے ہمیشہ لگن،محنت اور جاں فشانی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کیے اور اُن کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ اجلاس کے شرکاء نے سنیتا آصف کو محنت اور لگن کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے پر خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔
وائی این اے کی عہدیداروں نے کہا کہ مرحومہ کے ورثاء کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت تمام مجوزہ مراعات جلد از جلد دلوانے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی اور اُن کے خاندان سے بھی ہر طرح کا تعاون یقینی بنایا جائے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مرحومہ سنیتا آصف پنجاب پبلک سروس کمیشن سے منتخب ہوئیں تھیں اور 29نومبر2016کو ایل جی ایچ سے اپنی ملازمت کا آغاز کیا تھا اور اب دوران ملازمت اچانک طبیعت ناساز ہونے پر چل بسیں،وہ 4بچوں کی ماں تھیں اور اپنے خاندان کی کفالت کر رہی تھیں۔