فرخ حبیب

عمران خان نے ڈوبتی ہوئی معیشت کوسہارا دیا ، (ن)لیگ کی طرح لوٹ مار نہیں کی، فرخ حبیب

اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے ڈوبتی ہوئی معیشت کوسہارا دیا ہے، مسلم لیگ نون کی طرح لوٹ مار نہیں کی،حکومتی سطح پر مہنگائی کا اعتراف کرتے ہیں، جس کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں.

عالمی بینک سمیت تمام عالمی کاروباری ادارے اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ پاکستانی معیشت ترقی کررہی ہے اور ملک کی سمت صحیح خطوط پر استوار کی جا رہی ہے۔ ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ اس وقت ملک تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے، جس کا اعتراف عالمی بینک، موڈیز سمیت تمام مالیاتی ادارے کر رہے ہیں،ہمیں ورثے میں ڈولتا ہوا پاکستان اور تباہ حال معیشت ملی تھی.

ملک خسارے میں جا رہا تھا اس کے علاوہ کورونا کی وجہ سے عالمی طور پر اقتصادی مندی کا بھی رجحان تھا لیکن اس تمام کے باوجود بھی عمران خان کی ٹیم نے انتھک محنت کر کے پاکستان کو بحران سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی طور پر ساری دنیا کا مسئلہ ہے، حکومتی سطح پر اعتراف کر رہے ہیں کہ مہنگائی ایک مسئلہ ہے جس کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس وقت ملک میں کاروبار تیزی سے چل رہا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کار بھی پاکستان کے پرکشش پیکج کی طرف اپنی آمادگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں کوئی کرپشن کا کیس سامنے نہیں آیا نہ ہی ہم نے مسلم لیگ نون کی طرح لوٹ کھسوٹ کی اور اسحاق ڈار کی طرح ملک کو گروی رکھ کرمصنوعی طور پر ڈالر کی قیمت بحال نہیں کی۔