سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کا ایف بی آر کو 20 ہزار روپے جرمانہ

اسلام آباد(لاہورنامہ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی کو وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے ایف بی آر پر جرمانہ عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے نجی کمپنی کے خلاف اپیل کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی، سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپیل کا فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی وقت کا ضیاع قرار دے دی۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی سے عدلیہ کا وقت ضائع ہوتا ہے، ایف بی آر ٹیکس پیئرز سے شفاف انداز میں معاملات چلائے۔ سپریم کورٹ کے مطابق قانون کے مطابق ٹیکس ادا کرنے والوں کو ملنے والا قانونی حق روکا نہیں جا سکتا، بلا ضرورت قانونی چارہ جوئی سے وسائل ضائع نہیں ہونے چاہئیں۔ عدالت نے ایف بی آر پر بلا ضرورت اپیل دائر کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔