لاہور (لاہورنامہ) معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق سیاحت کے شعبے میں مثبت تبدیلیاں لا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حسان خاور نے ٹی ڈی سی پی کلر کہار کا سرپرائز دورہ کیا، بغیر اطلاع دورے کا مقصد ٹی ڈی سی پی کلر کہار ریزورٹ کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ حسان خاور نے ریزورٹ کی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے لوگوں سے بات چیت بھی کی، انہوں نے محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے ٹی ڈی سی پی کلر کہار کے انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے بہت جلد یہاں مزید سرمایہ کاروں کو لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی کلر کہار کا ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد اسے نجی اداروں کو ٹھیکے پر دینے کا پلان بھی زیرِ غور ہے۔
حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ ٹھیکے پر دینے سے یہاں کی سہولیات اور سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری آئے گی، پنجاب حکومت وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق سیاحت کے شعبے میں مثبت تبدیلیاں لا رہی ہے۔