یوسف گیلانی

یوسف گیلانی کا سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان

اسلام آباد(لاہورنامہ) پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے اسٹیٹ بینک بل پاس ہونے پر مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے موجودہ صورت حال میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہ سکتا.

چیئرمین سینیٹ حکومت کے سہولت کاربنے، جوایجنڈا دیا گیا اس میں نہیں لکھا تھا اسٹیٹ بینک بل پیش ہوگا۔ پیر کو یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر، چیئرمین سینیٹ کا رول نیوٹرل ہونا چاہیے.

انہیں کسی صورت متنازع نہیں ہونا چاہیے، آپ نے 30 منٹ تک اجلاس موخر کیا، آپ حکومت کے سہولت کار بنے، دوبارہ گنتی کے دوران تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ کو ووٹ دینا پڑا، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ 25 جنوری کو قومی اسمبلی نے اسٹیٹ بینک بل کو پاس کیا، مجھے جو ایجنڈا دیا گیا اس میں نہیں لکھا تھا کہ اسٹیٹ بینک بل پیش ہوگا.

آدھی رات کو سینیٹ کا ایجنڈا جاری کرنا مناسب نہیں تھا، اتنے اہم ایجنڈے کے لیے کچھ موقع تو ملنا چاہیے تھا، کمیٹیاں اس لیے بنائی گئی ہیں کہ وہاں بحث کرائی جائے۔