پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی

تمام پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹیز کے کیمروں کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ

لاہور (لاہورنامہ) حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں شہر بھر کی پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹیز کے کیمروں کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایل ڈی اے کے تعاون سے پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹیزکے کیمروں کو سیف سٹیز سے لنک کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق تمام نجی سوسائٹیز کے پہلے سے نصب شدہ کیمروں کو سیف سٹیز کیساتھ انٹیگریٹ کیا جائے گا۔اس حوالے سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان نے کی جس میں مختلف نجی سوسائٹیز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نجی ہاوسنگ سوسائٹیز کو سکیورٹی آڈٹ اور تجربات شیئر کریگی۔ اس حوالے سے مستقبل میں نجی سوسائٹیز سیف سٹیزاتھارٹی کی تجاویز کے مطابق کیمرے نصب کریں گی۔شہر بھر میں منظور شدہ سوسائٹیزسکیورٹی اور سیفٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیمرے نصب کرینگی۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ڈی آئی جی کامران خان نے بتایا کہ کیمروں کی انٹیگریشن سے پولیس تفتیش میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔نجی ہاوسنگ سوسائٹیز کیمرے لگانے اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہونگی۔قانون نافذ کرنے والے ادارے دوران تفتیش نجی سوسائٹیزکے کیمروں کا ڈیٹا بھی سیف سٹیز میں دیکھ سکیں گے۔اس موقع پر نجی ہاوسنگ سوسائٹیز نے سیف سٹیز اتھارٹی کیساتھ کیمرے انٹیگریٹ کرنے میں دلچسپی کا اظہاربھی کیا۔