بھٹوزرداری

پیپلزپارٹی کا بھر پور لانگ مارچ حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ثابت ہوگا،بلاول بھٹوزرداری

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کی جانب سے عمران خان حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ہوگی.

27 فروری کو مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام کے لشکر نکلیں گے اور اسلام آباد کا رخ کریں گے، پی ٹی آئی حکومت لانگ مارچ سے گھبرا کر پیپلزپارٹی کیخلاف جھوٹے پروپیگنڈوں پر اتر آئی ہے۔منگل کوپیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاہور ماڈل ٹاون میں پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر گئے اور مخدوم احمد محمود، مرتضی محمود، علی محمود، عطا گیلانی ودیگر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال ،لانگ مارچ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ ملکی سیاسی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا،پاکستان پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت عمران خان کی مقبولیت کا پول کھول کر رکھ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت لانگ مارچ سے گھبرا کر پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کے عوامی نمائندوں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈوں پر اتر آئی ہے،پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کی جانب سے عمران خان حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ہوگی، 27 فروری کو مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام کے لشکر نکلیں گے اور اسلام آباد کا رخ کریں گے۔