ڈاکٹر ضیاء القیوم

اوپن یونیورسٹی نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے اہم اقدامات کررہی ہے،ڈاکٹر ضیاء القیوم

اسلام آباد (لاہورنامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی حکومت کے ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے اقدامات اٹھارہی ہے۔ ملک کے دور دراز پسماندہ علاقوں اورسیاحتی مقامات پر نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے مختلف سرٹیفکیٹ کورسز کے علاوہ ہوٹل مینجمنٹ کورس بھی متعارف کروادیا گیا ہے۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم کے باوجود نوکری کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہیں ہنر مند بنانا تعلیمی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے تاکہ پروفیشنل ہوکر انہیں نوکریاں ملیں اور وہ بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔

یونیورسٹی نے ‘ہنر سیکھئے اور ہنر مند بنئے’کے سلوگن کے ساتھ ٹیف فاؤنڈیشن اور الائیٹ پاکستان کے تعاون سے مشترکہ طور پر مہمانداری اور ہوٹل کے انتظام کی مہارتوں کے فروغ کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔ اس تربیتی کورس کے متعارف کرنے کا بنیادی مقصد سیاحتی مقامات میں مناسب مہمانداری کے تحت سیاحتی شعبے کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنا ہے۔چھ ہفتے دورانیہ پر مشتمل ہوٹل مینجمنٹ کورس ابتدائی طور پر گلگت بلتستان اور سکردو میں پیش کیا گیا ہے .

جسے بتدریج ملک کے دیگر سیاحتی مقامات میں بھی پیش کیا جائے گا۔اس تربیتی کورس کے بارے میں بات کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی معاشی استحکام کی ضامن ہوتی ہے، نوجوانوں کو پیشہ درانہ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کا وشیں ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں سود مند ثابت ہونگی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہوٹل انڈسٹری کا شعبہ تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اس ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی نے ٹیف فاؤنڈیشن اور الائیٹ کے تعاون سے اس کورس کو متعارف کیا ہے۔
داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹwww.aiou.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔تربیتی کورس کے بارے میں مزید تفصیلات گلگت ریجنل آفس کے فون نمبر 960378/9606030 -05811اور سکردو ریجنل آفس کے فون نمبر960258-0585پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔