شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی زیر صدارت سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز کااجلاس

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ قونصلر سروسز کی بہتر فراہمی کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کے مابین قریبی ربط بہت اہمیت کا حامل ہے.

میری ہدایت پر، ہمارے تمام سفرا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے بروقت ازالے کیلئے باقاعدگی کے ساتھ ”ای کچہریاں”منعقد کر رہے ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے، پاور آف اٹارنیز کی تصدیق کو آن لائن بنایا گیا ہے۔

بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ، وفاقی سیکرٹری وزارت قانون و انصاف، چیئرمین نادرا و دیگر وزارتوں کے سینیئر افسران شریک ہوئے، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری خیبر پختون خواہ نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں تشریف آوری پر آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں ہم نے قونصلر سروسز کے حوالے سے بہت سی مثبت تبدیلیاں متعارف کروائی ہیںاس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے بہت سے سفراء نے اس اجلاس میں ورچوئل شرکت کی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی قونصلر خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سنٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے قونصلر سروسز تشکیل دی گئی جس کا آج پہلا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قونصلر سروسز میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا اجراء ،قومی شناختی کارڈ کی تجدید، ویزا سروسز، شہریت کی تصدیق، ایمرجنسی سفری دستاویزات کا اجراء سمیت بہت سی خدمات شامل ہیں جو پوری دنیا میں ہمارے سفارتخانے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قونصلر سروسز کی بہتر فراہمی کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کے مابین قریبی ربط بہت اہمیت کا حامل ہے۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے وزیر خارجہ کو نادرا کی جانب سے پاکستانی سفارتخانوں میں نئے کھولے گئے نادرا کاؤنٹرز اور پیش کردہ خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا.