لاہور (لاہورنامہ) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ پر سب سے زیادہ چیخیں حکومتی سٹپنیوں کی نکل رہی ہیں.
سلیکٹڈ وزیراعظم کی ذہنی حالت کو جانچنے کیلئے میڈیکل بورڈ اور رپورٹ کی ضرورت ہے، سیاسی بونے نوازشریف کا نام استعمال کر کے اپنی نوکری پکی کررہے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ پوری قوم جان چکی ہے عمران حکومت جعلی حکومت ہے.
عوام کی چینی، آٹا اور ادویات کھانے والے چوہوں کو نوازشریف کی فکر پڑی ہے، نوازشریف کا نام ہر دور میں خوف کی علامت رہا ہے، چار سال بعد بھی عمران خان نوازشریف کے نام کا چورن بیچ رہے ہیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ پاکستانی بہت جلد عمران خان کے لنگر کارڈ، صحت کارڈ انکے منہ پر مارنے والے ہیں، صحت کارڈ کی نوازشریف کو نہیں عمران خان کو اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نام سن کر عمران خان کی ذہنی حالت فورا مفلوج ہوجاتی ہے، اصل سسلین مافیا بنی گالہ اور وزیراعظم ہاس میں بیٹھا ہے، اس مافیا کی سرپرستی عمران خان کررہے ہیں۔