مسرت جمشید

پاکستان خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں سے یکجہتی میں غیر متزلزل رہیگا،مسرت جمشید

لاہور(لاہورنامہ) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ 5فروری کا دن کشمیریوں کی لازوال جدوجہد سے اظہار یکجہتی اور تجدید کے دن کے طو رپر منایا جاتا ہے،

پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے پاکستان اور بھارت میں کسی طرح کی بات چیت میں مسئلہ کشمیر بنیاد ہوگا،خطے میں پائیدار امن او رترقی کے تسلسل کے لئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ بنیادوں پر حل نا گزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کے زعم میں مبتلا بھارت ظلم کے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کو جدوجہد سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹا سکا، بھارت کشمیریوں پر بہیمانہ جبر بند کرکے انسانی حقوق کے حوالہ سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے اورکشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کیلئے غیر جانبدارانہ ، آزادانہ استصواب رائے کے انعقاد کا وعدہ پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جائز حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں سے یکجہتی میں غیر متزلزل رہے گا، کشمیری تنہا نہیں ہیں پاکستان کے 22کروڑ عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔پاکستان پانچ فروری کے دن کو بھرپور طریقے سے منا کر ثابت کرتا ہے ہمارے دل کشمیریوںکیساتھ دھڑکتے ہیں، خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور پاکستان کا ہر جوان تحریک کشمیر کا ترجمان ہے۔