مسلم لیگ

ن لیگ گجرات میں دراڑ، الحاج امجد فاروق، پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت

لاہور(لاہورنامہ)قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان ایماندار اور نیک نیت ہیں وہ ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، حکومت کو مشکلات کا سامنا ضرور ہے جنہیں مل کر حل کررہے ہیں،

پہلے دن سے پی ٹی آئی کیساتھ ہیں ،انہی کے ساتھ رہیں گے ،ہر مرحلے میں ساتھ چلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ گجرات میں دراڑ پڑ گئی، سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور گجرات میں ن لیگ کے مرکزی رہنما و اہم ستون الحاج امجد فاروق سمیت ن لیگ کے کئی اہم رہنما پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہو گئے۔

الحاج امجد فاروق کا ذاتی گھر گجرات میں ن لیگ کا گڑھ تھا۔ ن لیگ کے رہنماﺅں نے شمولیت کا اعلان قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی، چودھری وجاہت حسین اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی کی موجودگی میں کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایماندار اور نیک نیت ہیں وہ ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں، حکومت کو مشکلات کا سامنا ضرور ہے جنہیں مل کر حل کررہے ہیں،

پہلے دن سے پی ٹی آئی کیساتھ ہیں انشاءاللہ انہی کے ساتھ رہیں گے اور ہر مرحلے میں ساتھ چلیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شاید کسی کو اچھا نہ لگے پھر بھی گجرات میں ریسکیو 1122 کے نئے سٹیشنوں کی تعمیر، وزیرآباد کارڈیالوجی، ہسپتالوں اور ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کیلئے ہم اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے کیونکہ عوام کی بھلائی کے کام کر کے ہی لوگوں کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔

قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے پراجیکٹ اتنے پاور فل تھے کہ کوئی انہیں روک نہیں سکا، ہمارے دور میں ہسپتالوں میں ادویات اور علاج بالکل فری تھا لیکن بد قسمتی سے شہباز شریف نے ہیلتھ سیکٹرکو تباہ کر کے رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ختم ہو اب ان لوگوں کو ہم نے ہی مشکل میں ڈالا ہوا ہے، اللہ تعالیٰ نیتوں کو جانتا ہے، نیت صاف ہوتو اللہ تعالیٰ کی مدد بھی حاصل ہوتی ہے اور مشکلات کم ہوتی ہیں۔