کراچی (لاہورنامہ) معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے آنجہانی بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لتا جی کی آواز خدا کی طرف سے تحفہ تھی۔
عابدہ پروین نے بھارتی لتا منگیشکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ لتا منگیشکر کو یاد کرتے ہوئے عابدہ پروین نے کہا کہ ان کی آواز خدا کی طرف سے تحفہ تھی اور ایسا تحفہ رکھنے کے باوجود انہوں نے جس عاجزی کا مظاہرہ کیا وہ منفرد ہے۔ عابدہ پروین نے کہا کہ لتا جی کی روح کو خدا نے چنا تھا، وہ ایسی تھیں جن کی آواز میں اپنی انفرادیت چھلکتی تھی.
انہوں نے جو بھی گانا گایا، وہ اس میں پوری طرح ڈوب جاتیں۔ گلوکارہ نے کہا کہ لتا منگیشکر نے خدا کی طرف سے دیے گئے تحفے کے ذریعے پوری دنیا کو اپنا بنا لیا۔عابدہ پروین نے کہا کہ ان جیسے بڑے لوگ اپنے کام سے کبھی مطمئن نہیں ہوتے جبکہ لوگ ان کے گانوں سے اس طرح سیکھ سکتے ہیں جیسے وہ اسکول سے سیکھتے ہیں۔