لاہور (لاہورنامہ) نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ سے جرمن سفیر بیرنہارڈشلاگ ہیگ نے ملاقات کی۔
پاک-جرمن تعلقات، جماعتِ اسلامی کی حکمتِ عملی، ملکی صورتِ حال، اسلاموفوبیا، کشمیر، افغانستان اور یورپ میں قادیانیوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر محمد اصغر، عبدالقدوس منہاس، سمیع الحق شیرپا موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ یورپ مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے بارے میں اپنے ناکام نقطہ نظر کو تبدیل کرے۔افغانستان میں امریکہ اور نیٹو فورسز کی شکست کے بعد فوجی تسلط، دہشت گردی کے پھیلا ؤاور نفرتوں کے فروغ کی حکمتِ عملی ناکام ہوچکی ہے۔ باہمی احترام اور برداشت انسانوں کی ضرورت ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتہا پسند، فاشسٹ ڈیڑھ کروڑ انسانوں پر ظلم کررہے ہیں۔ عالمی برادری کی جانبداری، خاموشی انسانی المیوں کو جنم دے رہے ہیں، افغانستان میں طالبان، افغان عوام کی فتح تسلیم کی جائے، افغان حکومت تسلیم کی جائے، بلاجواز پابندیاں اور اقتصادی مقاطع طویل جنگ اور عدم استحکام کو جنم دے گا۔ دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی بند کی جائے۔