رانا ثناءاللہ

ن لیگ کی علما ونگ پنجاب کی ضلعی تنظیمیں ایک ماہ میں مکمل ہو جائیں گیں،رانا ثناءاللہ

لاہور(لاہورنامہ)رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ن لیگ علما ونگ پنجاب کی ضلعی تنظیمیں ایک ماہ میں مکمل ہو ں گی،ہم پر عوام کا دباﺅہے کہ موجودہ حکومت سے ہماری جان چھڑائی جائے.

کیا حکمران اپوزیشن کو گالیاں دینے کےلئے ہوتے ہیں یا عوام کی خدمت کےلئے،حکومت اور اپوزیشن میں آٹھ سے دس ارکان کا فرق ہے۔جمعرا ت کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں علما ونگ کی تنظیم کو مکمل کرکے نوٹیفیکیشن کی تقریب منعقد کی ہے.

ن لیگ علما ونگ پنجاب کی ضلعی تنظیمیں ایک ماہ میں مکمل ہو ں گی۔انہوں نے کہا کہ علما ونگ عوامی خدمت کے ساتھ دینی خدمات انجام دے گا، آج نااہل حکمران کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے، عوام تنگ دستی کا شکار ہیں، ہم پر عوام کا دباﺅہے کہ موجودہ حکومت سے ہماری جان چھڑائی جائے.

عوامی دباﺅ صرف ہم پر ہی نہیں ہے بلکہ حکومتی ارکان پر بھی ہے ۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پونے چار سال میں موجودہ حکومت نے ن لیگ سے انتقام لینے کے سوا کچھ نہیں کیا، کیا حکمران اپوزیشن کو گالیاں دینے کےلئے ہوتے ہیں یا عوام کی خدمت کےلئے، فیصل واوڈا کی نااہلی پر وزیراعظم عمران خان نے کوئی بات نہیں کی، وزیراعظم کا کام عوام کی بہتری کےلئے کام کرنا ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن میں آٹھ سے دس ارکان کا فرق ہے، موجودہ حکومت میں شامل لوگ ہم سے رابطے میں ہیں ، اپوزیشن پارلیمنٹریز کی تعداد سے سب واقف ہیں، ہم عوام کی جان اس نااہل اور نالائق ٹولے سے چھڑانے کےلئے سنجیدہ ہیں۔