لاہور(لاہورنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے مریضوں کی فلاح و بہبود اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال میں جدید ترین ایم آر آئی اور سی ٹی سکین مشینوں کی خریداری و تنصیب کے لئے ساڑھے52کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں ۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ دونوں مشینوں کی خریداری 30جون 2022سے قبل مکمل ہو جائے گی اوراس سلسلے میں ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر خالد بن اسلم اور اے ایم ایس پرچیز ڈاکٹر ذیشان حیدر کو مشینوں کی خر یداری کے عمل کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ مریض جلد سے جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
پروفیسر الفرید ظفرکا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال کے لئے 1.5 ٹیسلا ایم آر آئی اور128سلائس سی ٹی سکین مشینوں کی خریداری اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر صحت صوبے کے عوام کو علاج معالجے اور تشخیص کی جدید ترین سہولیات فراہم کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہی ہے اور اس مقصد کے لئے فراخدلانہ طور پر کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے جار ہے ہیں جس سے صحت کے شعبے میں خوشگوار اور مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق مشینوں کی فراہمی سے مریضوں کو نجی اداروں میں تشخیصی ٹیسٹوں پر خرچ ہونے والے ہزاروں روپے کی بچت ہوگی جس سے عام آدمی پر علاج معالجے کا مالی بوجھ کم ہوگا جبکہ مریضوں کو پیچیدہ ٹیسٹ کے ذریعے علاج معالجے میں آسانی ملے گی اور وہ جلد صحت یاب ہو سکیں گے ۔