لاہور (لاہورنامہ)پاکستان سپر لیگ 7کی ٹیم لاہور قلندرز میں شامل افغان لیگ اسپنر راشد خان نے کہا ہے کہ کراچی کے کھانے کھائے ہیں ،لاہور کے کھانے بہت مختلف ہوتے ہیں۔
لیگ اسپنر راشد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں قیام کے دوران کھانوں کا ضرور موقع ملے گا، مجھے لاہور کی مچھلی بہت پسند ہے اس لیے لاہور کی مچھلی ضرور کھانا ہے، انڈر 19 کے ساتھ جب میں لاہور آیا تھا تب مچھلی کھائی جس کا بہت مزہ آیا تھا، تب ہم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹھہرے تھے اب تک مچھلی اور دیگر کھانے نہیں بھولے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے فینز کو ایک وقفے کے بعد اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو ایکشن میں دیکھنیکا موقع مل رہا ہے، ہم اپنی بہترین پرفارمنس دیں گے جس سے کرکٹ فینز لطف اندوز ہوں گے۔راشد خان نے کہا کہ میں جہاں بھی ہوں انجوائے کرتا ہوں، لاہور قلندرز کے ساتھ مزہ آرہا ہے، پرفارمنس دینے کے ساتھ انجوائے کرنے سے مزید متحرک ہوتا ہوں، سیلبریشن اسٹائل تفریح کے لیے ہوتا ہے، اب اسنیک اسٹائل وائرل ہوچکا لیکن اس کا اندازہ نہیں تھا جب کہ شاٹس کا اسٹائل سوچ کر نہیں اپناتا بس گراؤنڈ میں ہوجاتا ہے۔
لیگ اسپنر نے شاہین آفریدی کے لاہور قلندرز کے کپتان بننے کے بارے میں کہا کہ شاہین نے بہت متاثر کیا، سوچا نہیں تھا کہ وہ کپتان بھی اچھے ثابت ہوں گے وہ خود کو کنٹرول میں رکھتے ہیں اور سوچ سمجھ کر پرسکون رہ کر فیصلے کرتے ہیں، ہم سب انہیں سپورٹ کرتے ہیں۔