لاہور (لاہورنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں‘اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے.
پی ٹی آئی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا‘ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے،حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز مخدوم طارق محمود الحسن اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے نئے وائس چیئرمین ڈاکٹر شاہد محمود کی ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں عثمان بزدار نے مخدوم طارق محمودالحسن اور ڈاکٹر شاہد محمود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مخدوم طارق محمودالحسن کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو صرف نعروں سے بہلایا، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کرکے اپوزیشن نے دوغلے پن کا مظاہرہ کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی بنائی ہے، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔