مریم اورنگزیب

صاف پانی کیس،تفصیلی فیصلہ سیاسی انتقام کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے صاف پانی کیس میں احتساب عدالت کے تفصیلی فیصلے کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کے منہ پر ایک اور زوردار طمانچہ قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ تفصیلی فیصلہ عمران صاحب کے احتساب کے بیانیہ پہ عدالت کا ایک اور طمانچہ ہے ،عمران صاحب کا جھوٹا احتساب کا بیانیہ ہر روز منہ کے بل گرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب تفصیلی عدالتی فیصلے کے آئینے میں اپنے جھوٹ کا چہرہ دیکھیں، چہرہ دیکھیں۔ انہوںنے کہاکہ اگست 2018 میں جب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا تھا اور آشیانہ کیس میں گرفتار کیا تھا، تب بھی یہ کیس نہیں بنتا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب فیصلہ پڑھیں کہ صاف پانی منصوبے سے صرف پنجاب کی عوام کو فائدہ پہنچا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب فیصلے کو پڑھیں کہ کوئی لاقانونیت ، رولز کی خلاف ورزی یا مالی فوائد سامنے نہیں آئے۔ انہوںنے کہاکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ہر جھوٹا الزام لگایا، ہر جھوٹا کیس بنایا لیکن وہ ثابت نہیں کرسکے کیونکہ کرپشن ہوئی ہی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے شہباز شریف کو کلین چٹ دینے کے بعد ملک کے اندر تیسرا عدالتی فیصلہ ہے جس میں اللہ تعالی نے شہباز شریف کو سرخرو کیا۔

انہوں نے کہاکہ کوئی منی لانڈرنگ نہیں، کوئی کمیشن نہیں، کوئی کک بیک نہیں، کوئی اختیارات کا غلط استعمال نہیں، عمران صاحب فیصلہ پڑھیں اور شرم کریں۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے سب سے کم بولی دینے والی کمپنی سے مذاکرات کرکے منصوبے کی لاگت مزید کم کرائی، عوام کا پیسہ بچایا۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب فیصلے میں لکھا ہے کہ عوام اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور فائدہ دینے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب عوام کو فائدہ دینے اور ان کی خدمت کرنے پر آپ نے شہباز شریف اور ان کے ساتھیوں کو جیل میں ڈالا ۔

انہوں نے کہاکہ تمام فیصلوں کی فوٹو کاپی کر کے عمران صاحب اور کرائے کے ترجمانوں کو پڑھنے کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ الحمدللہ شہباز شریف ہر روز عمران خان کے لگائے ہوئے الزامات سے سرخرو ہوتے ہیں اور عمران صاحب ہر روز کرپشن کی دلدل میں دھنستے جار ہے ہیں۔